بنگلہ دیشی ٹیموں کے دورہ پاکستان کا عنقریب فیصلہ متوقع

ڈھاکہ۔8 اکٹوبر (سیاست ڈاٹ کام ) بنگلہ دیشی ٹیموں کی پاکستان آمد کا فیصلہ 2 ہفتوں میں متوقع ہے۔ بنگلہ دیشی ویمنزٹیم کو رواں ماہ کے آخر میں 2 ونڈے اور 3 ٹوئنٹی 20 میچز کیلیے پاکستان کا دورہ کرنا ہے۔ مردوں کی ٹیم کا 2 ٹسٹ اور 3 ٹوئنٹی 20 میچز کیلئے ٹور آئندہ برس فروری میں مقرر ہے۔ بنگلہ دیشی بورڈ کی کرکٹ آپریشنز کمیٹی کے چیئرمین اکرم خان نے کہاکہ سینئر مینز اور ویمنز دونوں ٹیموں کے دورئہ پاکستان کے حوالے سے فیصلہ اگلے 2 ہفتوں میں ہوجائے گا۔ بی سی بی کی جانب سے حال ہی میں پاکستان میں سکیورٹی صورتحال کا جائزہ لینے کیلئے ماہرین کو بھیجنے کا اشارہ دیا گیا تھا۔ اکرم خان نے کہاکہ ہمارے بورڈ کے صدر نظم الحسن ہمیشہ یہی کہتے ہیں کہ سکیورٹی اولین ترجیح ہے اور کسی بھی فیصلے پر پہنچنے سے قبل ہم اسی چیز کو مدنظر رکھیں گے۔ یہ صرف بورڈکا ہی فیصلہ نہیں ہوگا، ہم نے ابھی تک دبئی یا پاکستان میں کھیلنے کے حوالے سے کچھ طے نہیں کیا، بنگلہ دیشی ٹیم کا پاکستان میں کھیلنے کے بارے میں حتمی فیصلہ بورڈ اجلاس میں ہوگا لیکن ہمیں اس کیلئے حکومت کی جانب سے بھی اجازت درکار ہے۔