مالی پریشانیوں کے باعث 4 افراد کی خودکشی

حیدرآباد /8 اکٹوبر ( سیاست نیوز ) شہر و نواحی علاقوں میں پیش آئے علحدہ واقعات میں مالی پریشانیوں سے تنگ آکر 4 افراد نے خودکشی کرلی ۔ ناچارم پولیس حدود میں 30 سالہ نریش نے کل رات خودکشی کرلی ۔ پیشہ سے کار ڈرائیور نریش ملاپور علاقہ میں رہتا تھا ۔ سال 2010 میں اس نے سریتا سے شادی کی تھی اور اس کی بیوی بھی ملازمت کرتی تھی ۔ شادی کے بعد یہ خاندان جنگاوں سے حیدرآباد منتقل ہوگیا اور ملاپور ناچارم میں رہنے لگا ۔ گذشتہ چند عرصہ سے اس خاندان کو مالی پریشانی کا سامنا تھا ۔ دونوں میاں بیوی کمانے کے باوجود یہ خاندان پریشان تھا ۔ کل 7 اکٹوبر کے دن بیوی کو تہوار کیلئے آبائی مقام روانہ کرنے کے بعد اس نے انتہائی اقدام کرلیا ۔ گاندھی نگر پولیس کے مطابق 53 سالہ شخص وینوگوپال جو پیشہ سے مزدور تھا ۔ کواڑی گوڑہ علاقہ میں رہتا تھا ۔ 4 اکٹوبر کے دن اس شخص نے نامعلوم زہریلی دوا کا استعمال کرلیا ۔ جس کو فوری ہاسپٹل منتقل کیا گیا جہاں علاج کے دوران یہ شخص کل فوت ہوگیا ۔ کندکور پولیس کے مطابق 45 سالہ جے سنگھ جو پیشہ سے مزدور تھا ۔ کندکور علاقہ کا ساکن بتایا گیا ہے ۔ یہ شخص کمپنی میں ملازم تھا ۔ 7 اکٹوبر کے دن اس نے نامعلوم زہریلی دوا کا استعمال کرتے ہوئے خودکشی کرلی ۔ پولیس ذرائع کے مطابق یہ شخص شدید مالی پریشانیوں کا شکار تھا ۔ مڈگول پولیس کے مطابق ایک 74 سالہ شخص راملو نے جو شدید مالی پریشانی میں مبتلا تھا ۔ اس نے نامعلوم زہریلی دوا کا استعمال کرتے ہوئے خودکشی کرلی ۔ یہ شخص پیشہ سے کسان تھا ۔ پولیس نے مقدمات درج کرلئے ہیں اور مصروف تحقیقات ہے ۔