مرے کی آسٹریلین اوپن سے گرانڈ سلام میں واپسی

ملبورن ۔ 8 اکتوبر ۔ ( سیاست ڈاٹ کام ) سابق عالمی نمبر ایک برطانوی ٹینس اسٹار اینڈی مرے آئندہ برس منعقد شدنی آسٹریلین اوپن میں شرکت کرتے ہوئے گرانڈ سلام مقابلوں میں اپنی واپسی کریں گے جیسا کہ وہ کولھے کی سرجری کے بعد پہلی مرتبہ کسی گرانڈ سلام میں شرکت کریں گے ۔ آسٹریلین اوپن کے منتظمین نے یہ تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ مرے نے آسٹریلین اوپن میں شرکت کی توثیق کردی ہے ۔ تین مرتبہ کے گرانڈ سلام چمپیئن اینڈی مرے کے بتدریج اپنا کھویا ہوا مقام حاصل کرنے کی سمت گامزن ہیں جیسا کہ گزشتہ ہفتہ وہ 503 ویں مقام پر فائز تھے لیکن اس دوران انھوں نے گزشتہ ہفتہ منعقدہ ٹورنمنٹ کے کوارٹر فائنل میں رسائی حاصل کرتے ہوئے اپنے فام میں واپسی کا اشارہ دیا اور اس کے ذریعہ درجہ بندی میں وہ 289 ویں مقام پر پہنچے ہیں۔ 32 سالہ مرے اب رواں ہفتے شانگھائی ماسٹرس کے پہلے مرحلے میں کوالیفائر ارجنٹینا کے کھلاڑی یان ایناشیو لینڈرو کے خلاف تین سیٹوں میں کامیابی حاصل کی ۔ منتظمین نے کہا ہے کہ ہر گذرتے مقابلے کے ساتھ مرے کا اعتماد بلند ہورہاہے اور انھوں نے آسٹریلین اوپن 2020ء میں شرکت کی توثیق کی ہے جس کے لئے انھوں نے ٹوئٹر کے ذریعہ پیغام دیا ہے ۔ علاوہ ازیں آسٹریلین اوپن کی ویب سائیٹ پر بھی اس کی توثیق کی گئی ۔