ہریانہ میں پھر سے بی جے پی کی حکومت بنے گی:تومر

نئی دہلی،8اکتوبر (سیاست ڈاٹ کام) بھارتیہ جنتا پارٹی کے سینئر لیڈر اور وزیر زراعت نریندر سنگھ تومر نے منگل کو دعوی کیا کہ ہریانہ اسمبلی انتخابات میں ان کی پارٹی 75 سیٹوں پر جیت حاصل کرکے ریاست میں دوبارہ حکومت بنائے گی۔ مسٹر تومر،نے جو بی جے پی کے ہریانہ انتخابات کے انچارج ہیں، یہاں نامہ نگاروں سے بات چیت میں کہا کہ ان کی پارٹی پوری طاقت سے الیکشن لڑ رہی ہے اور اسے عوام کی پوری حمایت حاصل ہے ۔ وزیر اعظم نریندر مودی نے چار انتخابی ریلیوں کے لئے منظوری دے دی ہے ۔مسٹر مودی 14 سے 18اکتوبر کے دوران بلبھ گڑھ، کروکشیتر، حصار اور چرکھی دادری میں انتخابی جلسوں سے خطاب کریں گے ۔واضح رہے کہ ہریانہ میں 90 اسمبلی سیٹوں پر 21اکتوبر کوووٹنگ ہونی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ وزیر دفاع راجناتھ سنگھ، وزیر داخلہ اور بی جے پی صدر امیت شاہ اور وزیر ٹرانسپورٹ نتن گڈکری نے انتخابی مہم کے لئے اپنی منظوری دے دی ہے ۔